این جی اوز رجسٹریشن کیلئے ای بز پنجاب پورٹل کا آغاز
سوشل ویلفیئر محکمہ کا اقدام، افسر اور این جی اوز نمائندگان کیلئے دو روزہ تربیتی سیشنز
ملتان (لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ کی سربراہی میں محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب نے این جی اوز کی رجسٹریشن اور متعلقہ امور کو ڈیجیٹل اور شفاف بنانے کیلئے ‘‘ای بز پنجاب پورٹل’’ کا آغاز کردیا۔سیکرٹری سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب سائرہ عمر اور ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم کی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر این جی اوز اقصیٰ رفیق چودھری نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے ملتان میں افسر، اہلکاروں اور این جی اوز نمائندگان کیلئے دو روزہ تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا۔پہلے روز بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے افسر، اہلکاروں اور این جی اوز نمائندگان نے مقامی ہوٹل میں تربیت حاصل کی۔
جبکہ دوسرے روز ملتان ڈویژن کے محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسروں، اہلکاروں اور این جی اوز نمائندگان نے صنعت زار ملتان میں شرکت کی۔ تربیتی سیشنز کی میزبانی ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان ام فروہ ہمدانی نے کی۔ سیشنز میں اقصیٰ رفیق چودھری، ام فروہ ہمدانی، ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر بہاولپور سحر صدیقہ، ڈیرہ غازی خان کے ڈویژنل ڈائریکٹر اظہر یوسف، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے نمائندگان ڈاکٹر مجدد اشرف اور سید شایان سمیت تینوں ڈویژنز کے افسروں، اہلکاروں اور این جی اوز نمائندگان نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments