لائنز کلب ملتان مڈٹاؤن کا فلاحی سرگرمیاں بڑھانے کا عزم
لائنز کلب ملتان مڈٹاؤن کا فلاحی سرگرمیاں بڑھانے کا عزم ماہانہ اجلاس میں مستحق افراد کی مدد، صحت، تعلیم اور شجرکاری منصوبوں پر غور
ملتان (لیڈی رپورٹر)لائنز کلب ملتان مڈٹاؤن کا ماہانہ اجلاس صدر حفیظ احمد ملک کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں کلب کی فلاحی سرگرمیوں اور آئندہ کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ صدر حفیظ احمد ملک نے کہا کہ لائنز کلب خدمتِ انسانیت کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور فلاحی سرگرمیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ ضرورت مند افراد کی مدد ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے ، کلب کے ہر رکن کو اپنی صلاحیتیں انسانیت کی خدمت کے لیے استعمال کرنی چاہئیں۔اس موقع پر نئے ممبران کو پھولوں کے گلدستے پیش کرکے خوش آمدید کہا گیا اور انہیں کلب کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا گیا۔ سیکنڈ وائس ڈسٹرکٹ گورنر لائنز کلب انٹرنیشنل پاکستان چوہدری الطاف شاہد نے کہا کہ لائنز کلب کا مقصد بلاامتیاز انسانیت کی خدمت ہے ۔ باہمی تعاون اور بھائی چارے کے ذریعے فلاحی منصوبوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے ۔اجلاس میں صحت، تعلیم، شجرکاری اور مستحق افراد کی امداد سمیت آئندہ منصوبوں پر تجاویز پیش کی گئیں۔ سیکرٹری عائشہ عبداللہ نے ماہانہ کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ جشنِ آزادی کے موقع پر کیک کٹنگ، پرچم کشائی اور شجرکاری کی تقریبات منعقد کی گئیں۔ اجلاس میں خزانچی محمد معظم خان، ومان خان، پروفیسر اعظم حسین، فہیم ستار شیخ، ملک محمد شاہد، طارق سرور اور دیگر ممبران نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments