شجر کاری آلودگی کو کم کرنے کا بہترین ذریعہ، حنا چغتائی

شجر کاری آلودگی کو کم کرنے کا بہترین ذریعہ، حنا چغتائی

انرویل کلب کی زرعی یونیورسٹی میں پودے لگانے کی تقریب ،اساتذہ،طلبہ شریک

ملتان (لیڈی رپورٹر)انرویل کلب ملتان مڈ ٹاؤن کے زیر اہتمام شجرکاری مہم کے سلسلے میں زرعی یونیورسٹی ملتان میں پودے لگانے کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر انرویل کلب ملتان مڈ ٹاؤن کی صدر حنا چغتائی، چارٹر صدر طاہرہ نجم اور سابق صدر یاسمین خاکوانی نے یونیورسٹی کا دورہ کیا اور ڈاکٹر عمر اکرم و طالبات کے ہمراہ مختلف مقامات پر پودے لگائے ۔ شرکا نے پودوں کی بہتر نشوونما اور ماحولیاتی بہتری کے لئے دعا بھی کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حنا چغتائی نے کہا کہ شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔

درخت نہ صرف ماحول کو صاف اور سرسبز بناتے ہیں بلکہ ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے ، اس لئے زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کے ساتھ ان کی حفاظت اور نگہداشت بھی یقینی بنانا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ انرویل کلب ملتان مڈ ٹاؤن خواتین اور معاشرے کی فلاح و بہبود کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ کے لئے بھی اپنا کردار جاری رکھے گا۔ شہریوں بالخصوص نوجوان نسل کو چاہیے کہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں اور گھروں، تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر پودے لگا کر ملتان کو سرسبز و شاداب بنانے میں کردار ادا کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...