خوشاب اور جوہرآباد میں سیوریج لائنیں بچھائی جائیں گی
خوشاب اور جوہرآباد میں سیوریج لائنیں بچھائی جائیں گی ڈسپوزلز کے کام مقررہ ٹائم فریم میں مکمل کیے جائیں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ
خوشاب(نمائندہ دُنیا) سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب زید بن مسعود نے ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر کے ہمراہ کانفرنس ہال جوہرآباد میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت خوشاب اور جوہرآباد میں جاری پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں، کی کارکردگی اور موجودہ پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام قاسم لالی نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کو ضلع خوشاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ خوشاب شہر میں شوالہ ڈرین پر ترقیاتی کام جاری ہے ، جبکہ خوشاب اور جوہرآباد کے گرین ٹان، الاعوان ٹان، شبیر کالونی، پرانا غلہ منڈی گرانڈ ڈسپوزل سمیت دیگر علاقوں میں ڈسپوزلز کی تعمیر کا کام بھی جاری ہے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ خوشاب اور جوہرآباد کے مختلف علاقوں میں سیوریج لائنیں بھی بچھائی جائیں گی، جن کے لیے فنڈز کی منظوری کے بعد ترقیاتی کاموں کو حتمی شکل دی جائے گی۔
بعدازاں لوکل گورنمنٹ خوشاب کے افسران نے اپنی اپنی تحصیلوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور پیش رفت کے بارے میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب زید بن مسعود نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ خوشاب اور جوہرآباد میں تعمیر کیے جانے والے ڈسپوزلز کے کام مقررہ ٹائم فریم کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے شوالہ ڈرین کے ترقیاتی کام پر خصوصی توجہ دینے اور کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments