امت کو عقیدے کے تحفظ،امن کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا:مقررین
عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے تحفظ ختم نبوت و استحکام پاکستان ریلی کا جگہ جگہ شاندار استقبال ، پھول نچھاور
میاں چنوں ( تحصیل رپورٹر) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت میاں چنوں کے زیر اہتمام یومِ تحفظ ختم نبوت کی مناسبت سے عظیم الشان تحفظ ختم نبوت و استحکام پاکستان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں علماء کرام، تاجروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی کی قیادت امیر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت مولانا فیصل عمران ، حبیب الرحمن، مفتی عبدالغفور، نذرالدین ، مفتی طاہر محمود، محمود الحسن، عطاء اللہ انور اور ظفر اقبال نقشبندی سمیت دیگر رہنماؤں نے کی۔اس موقع پر ڈاکٹر ممتاز ، حافظ سعید، مفتی طارق اسماعیل اور مفتی رضوان نے خصوصی شرکت کی۔ریلی کے شرکاء کا مختلف مقامات پر پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد فیصل عمران اشرفی، مولانا حبیب الرحمن، مفتی عبدالغفور، مولانا طاہر معاویہ اور دیگر مقررین نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت اسلام کی بنیاد اور اساس ہے اور اس کے تحفظ کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ امت مسلمہ کو اپنے عقیدے کے تحفظ اور ملک میں امن، اتحاد اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ،مقررین نے وطن عزیز کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہر قیمت پر پاکستان کے امن، سلامتی، استحکام اور نظریاتی بنیادوں کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments