مہنگی پٹرولیم مصنوعات:اشیائے خوردونوش عوام کی پہنچ سے باہر

مہنگی پٹرولیم مصنوعات:اشیائے خوردونوش عوام کی پہنچ سے باہر

دالوں کے دام 40روپے تک بڑھ گئے ،دال چنا 260، دال ماش 446،دال مونگ 320 روپے کلو میں فروخت، نارمل آئل 540، معیاری کی قیمت 620روپے لٹر ہوگئی لال مرچ 800روپے ،گرم مصالحہ 2500روپے کلو ، آٹے کی فی کلو قیمت 145روپے ہوگئی ، مہنگائی نے جینا دوبھر کردیا، دو وقت کی روٹی کا حصول ناممکن ، شہری بلبلا اٹھے

ملتان(جام بابر سے )ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث اشیاء خورونوش خاص طور پر دالوں کی قیمتوں میں اضافے سے غریب طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے جس سے نہ صرف ان کے مالی مشکلات بڑھ رہی ہیں بلکہ ان کے لئے چولہا جلانا بھی مشکل ہو گیا ہے ملتان میں مختلف دالوں کی قیمتوں میں تیس سے چالیس روپے فی کلو کا اضافہ ہو گیا ہے ۔مارکیٹ میں اس وقت دال چنا کی قیمت دوسو چالیس روپے فی کلو کی بجائے دو سو ساٹھ روپے ، دال ماش کی چارسو روپے کی بجائے چار سو چالیس روپے جبکہ لال مونگی کی تین سو بیس روپے فی کلو وصول کی جارہی ہے ۔جبکہ آئل کی فی کلو قیمت میں بھی چالیس روپے فی کلو کا اضافہ ہو گیا ہے جس سے نارمل آئل کی قیمت پانچ سو چالیس روپے جبکہ معیاری آئل کی قیمت چھے سو بیس روپے تک پہنچ گئی ہے اسی طرح لال مرچ کی قیمت آٹھ سو روپے فی کلو جبکہ مصالحہ جات کی قیمت اٹھارہ سو سے بڑھا کر چھبیس سو روپے فی کلو مقرر کر دی گئی جبکہ آٹے کی فی کلو قیمت میں بھی اضافے کا سلسلہ جاری، نئی قیمت ایک سو چالیس روپے سے ایک سو پینتالیس روپے فی کلو وصول کی جانے لگی۔عام مارکیٹ میں گندم کی فی من قیمت میں بھی سو روپے کا اضافہ اضافہ ہوا ہے اور نئی قیمت سینتالیس سو روپے فی من سے بڑھا کر ساڑھے اڑتالیس سو روپے فی من مقرر کر دی گئی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے طوفان نے ان کا جینا دوم بھر کر دیا ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ آئے دن پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اثرات مسلسل روز مرہ اشیائے خورد و نوش پڑ رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کی قیمتیں بھی آئے روز مسلسل بڑھ رہی ہیں ۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ نہ صرف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو مستحکم کیا جائے بلکہ اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم کر کے عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...