میپکو ریجن:بجلی کا بحران شدید،طویل لوڈشیڈنگ،کاروبار تباہ،زندگی مفلوج

میپکو  ریجن:بجلی  کا  بحران  شدید،طویل  لوڈشیڈنگ،کاروبار  تباہ،زندگی  مفلوج

شارٹ فال کی صورتحال سنگین، وزیراعظم کے دو گھنٹے لوڈشیڈنگ کے احکامات بے اثر،شہروں 4 ، دیہی علاقوں میں 6 گھنٹے تک بجلی بند،99 لاکھ صارفین متاثر،حکومت سے عملی اقدامات کا مطالبہ

 ملتان (خصوصی رپورٹر) میپکو ریجن میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا،شارٹ فال کی صورتحال سنگین، وزیراعظم کے دو گھنٹے لوڈشیڈنگ کے احکامات بے اثر،شہروں میں 4 جبکہ دیہی علاقوں میں 6 گھنٹے تک بجلی کی بندش ، گیارہ اضلاع کے تقریباً 99 لاکھ صارفین متاثر،کاروبار تبادہ، زندگی مفلوج ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق میپکو ریجن میں بجلی کی طلب اور رسد کے درمیان بڑھتے فرق نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا، گیارہ اضلاع کے تقریباً 99 لاکھ صارفین کے لیے درکار بجلی کی طلب 2200 میگاواٹ تک پہنچ گئی جبکہ شام کے اوقات میں بجلی کا شارٹ فال 400 میگاواٹ سے تجاوز کر جانے کے باعث مختلف علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے شہری علاقوں میں چار گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں چھ گھنٹے تک بجلی کی بندش نے معمولات زندگی مفلوج کر کے رکھ دئیے ہیں۔ذرائع کے مطابق شام کے اوقات میں بجلی کی طلب میں نمایاں اضافے کے باعث میپکو ریجن میں شارٹ فال کی صورتحال مزید سنگین ہو جاتی ہے ، طلب اور دستیاب بجلی میں بڑھتے ہوئے فرق کو پورا کرنے کے لیے مختلف فیڈرز پر بجلی کی بندش کی جا رہی ہے ، جس کے نتیجے میں گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ کاروباری اور کمرشل صارفین بھی شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔وزیراعظم کی جانب سے دو گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے دی گئی ہدایات بھی میپکو ریجن میں بے اثر نظر آنے لگی ہیں۔

صارفین کا کہنا ہے کہ بجلی کی طویل بندش نے گرمی اور حبس میں ان کی مشکلات کئی گنا بڑھا دی ہیں۔ گھروں میں بجلی نہ ہونے کے باعث معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں، چھوٹے کاروبار، دکانیں، ورکشاپس اور دیگر کمرشل مراکز بجلی کی عدم دستیابی کے باعث اضافی اخراجات برداشت کرنے پر مجبور ہیں، دو گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا اعلان صرف کاغذوں تک محدود دکھائی دیتا ہے جبکہ فیڈر کی سطح پر صورتحال مختلف ہے ،دیہی علاقوں میں نہ صرف گھریلو صارفین پریشان ہیں بلکہ زرعی سرگرمیوں اور دیہی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔کمرشل صارفین کا کہنا ہے کہ بار بار بجلی بند ہونے سے کاروباری اوقات ضائع ہونے کے ساتھ مشینری و دیگر برقی آلات کے متاثر ہورہی ہے ،متبادل ذرائع سے بجلی حاصل کرنے پر اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں۔صارفین نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ میپکو ریجن میں جاری غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے ، وزیراعظم کے دو گھنٹے لوڈشیڈنگ کے احکامات پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...