پراپرٹی ٹیکس:ملتان کیلئے 2ارب 41کروڑ کاہدف
30ستمبر تک یکمشت ادائیگی پر 5فیصد رعایت دی گئی، چالان ارسال
ملتان (کرائم رپورٹر)صوبہ پنجاب کے رہائشی و کمرشل جائیدادوں کے مالکان رواں مالی سال 2026-27 کے پراپرٹی ٹیکس کی 30 ستمبر تک یکمشت ادائیگی پر حکومت پنجاب کی جانب سے دی گئی 5 فیصد رعایت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ 30 ستمبر کے بعد رعایت ختم ہونے کے ساتھ ٹیکس کی ادائیگی پر سرچارج بھی عائد ہوگا۔ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملتان ڈویژن افتخار احمد بھلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملتان ڈویژن کے تقریباً 3 لاکھ پراپرٹی ٹیکس گزاروں کو رہائشی و کمرشل جائیدادوں کے ٹیکس چالان ان کی دہلیز تک پہنچا دیئے گئے ہیں، جبکہ رعایتی پیکیج کی مؤثر تشہیر بھی کی جا رہی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال ملتان ڈویژن کو پراپرٹی ٹیکس وصولی کا سالانہ ہدف 2 ارب 41 کروڑ روپے دیا گیا ہے ، جبکہ 30 ستمبر تک 5 فیصد رعایت کے ساتھ ایک ارب 20 کروڑ روپے وصولی کا ہدف مقرر ہے ۔ 20 ستمبر تک 60 کروڑ روپے وصول کئے جا چکے ہیں، جبکہ بقایا 10 روز میں مزید 60 کروڑ روپے وصول کرنے کیلئے عملہ متحرک ہے۔افتخار احمد بھلی نے کاروباری طبقے اور لگژری ہاؤسز مالکان سے اپیل کی کہ 30 ستمبر تک ٹیکس ادا کرکے رعایتی پیکیج سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس گزاروں کی سہولت کیلئے آئندہ اتوار کو بھی ایکسائز دفتر کھلا رہے گا۔انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ آخری تاریخ کا انتظار نہ کریں، کیونکہ آخری ایام میں سسٹم یا نیٹ ورک پر اضافی بوجھ کے باعث ادائیگی متاثر ہوسکتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments