ملتان کو صوبہ بنانے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے :عامر عزیز
کاروباری سرگرمیوں سے روزگار اور سرمایہ کاری مواقع بڑھیں گے ،ولید خان
ملتان (لیڈی رپورٹر)ملتان ایونیو روڈ کے نومنتخب وائس چیئرمین عامر عزیز کی جانب سے استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین محمد ولید خان بابر، صدر چودھری محمد حسن ستار، خواجہ مسعود الحق، وائس چیئرمین عامر عزیز، چودھری کامران آرائیں، محمد یعقوب شیرا، جنرل سیکرٹری زاہد بھٹی اور دیگر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان ایونیو روڈ پر کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ مقامی آبادی کیلئے سہولت کا باعث بن رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو روزمرہ ضرورت کی اشیا، کھانے پینے اور دیگر خدمات اپنے علاقوں کے قریب میسر آ رہی ہیں۔ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے مقامی معیشت مضبوط، روزگار کے نئے مواقع پیدا اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے ۔ ملتان ایونیو روڈ تیزی سے اہم کاروباری مرکز بن رہا ہے ۔مقررین نے کہا کہ بڑھتی آبادی، ٹریفک کے دباؤ اور سڑکوں کی تنگی کے باعث رہائشی علاقوں کے قریب کاروباری مراکز کا فروغ شہریوں کیلئے سہولت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملتان تاریخی، تجارتی اور انتظامی اعتبار سے اہم شہر ہے ، اس لئے انتظامی ڈھانچے کو عوامی ضروریات کے مطابق بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔شرکا نے مطالبہ کیا کہ ملتان کو صوبہ بنانے کے مطالبے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے اور انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام کے معاملے کو آگے بڑھایا جائے ۔ ان کے مطابق انتظامی اختیارات عوام کے قریب آنے سے ترقیاتی منصوبہ بندی، شہری سہولیات اور روزگار کے مواقع میں بہتری آسکتی ہے ۔مقررین نے حکومت سے ملتان میں سڑکوں، ٹریفک، پارکنگ، نکاسی آب اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری کے ساتھ کاروباری مراکز کی ترقی پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر حاجی عاصم، حاجی احمد، حاجی ریاض، فیاض احمد، عمر خان بابر، وقاص سیرت، قیصر بھٹی، عثمان جٹ، محمد حسن اور دیگر شریک تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments