والڈسٹی منصوبہ ڈیزائن کے مطابق مکمل کرنے کا حکم
غیر ضروری ڈھانچے ختم ، اوقاف کی عمارتوں کی منتقلی کے معاملات جلد حل ، تاریخی لائبریری میں کمپیوٹرز کی فراہمی، کتابوں کے ذخیرے میں اضافہ، طلبہ کیلئے رہنمائی سیشنز کا انعقاد کیا جائےکمشنر عامر کریم کاوالڈ سٹی منصوبے کے تحت تاریخی ملتان کی بحالی و اپ گریڈیشن کے جاری کاموں کا تفصیلی جائزہ، تاریخی لائبریری، کیفے ٹیریا، فوڈ سٹریٹ، کرافٹ بازار اور دمدمہ کا معائنہ
ملتان(وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے والڈ سٹی منصوبے کے تحت تاریخی ملتان کی بحالی و اپ گریڈیشن کے جاری کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ مبشر الرحمٰن، اسسٹنٹ کمشنر سٹی مکرم سہو اور متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے ۔ کمشنر نے تاریخی لائبریری، کیفے ٹیریا، فوڈ سٹریٹ، کرافٹ بازار اور دمدمہ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تاریخی ورثے کی اصل شناخت برقرار رکھتے ہوئے تمام ترقیاتی کام منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غیر ضروری ڈھانچے ختم کیے جائیں اور اوقاف کی عمارتوں کی منتقلی کے معاملات جلد حل کیے جائیں۔
کمشنر عامر کریم خاں نے تاریخی لائبریری میں کمپیوٹرز کی فراہمی، کتابوں کے ذخیرے میں اضافے اور طلبہ کے لیے رہنمائی سیشنز کے انعقاد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لائبریری کو علمی و مطالعاتی سرگرمیوں کا مؤثر مرکز بنایا جائے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لائبریری اور کیفے ٹیریا کو اکتوبر میں آپریشنل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ کمشنر نے کیفے ٹیریا اور فوڈ سٹریٹ میں صفائی، ہوا داری اور بیٹھنے کی مناسب جگہوں کی فراہمی یقینی بنانے ، لکڑی کے کام، چھتوں کی تزئین اور آرائشی امور کو تاریخی ماحول سے ہم آہنگ کرنے ، خوبصورت نشستوں اور گملوں سمیت عوامی سہولیات میں اضافے کی ہدایت کی۔
کمشنر نے تاریخی ورثے کے تحفظ اور شہریوں و سیاحوں کی رہنمائی کے لیے نمایاں ایڈوائزری بورڈز نصب کرنے اور خصوصی آگاہی سکواڈ تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی مقامات پر پیدل گشت، عوامی آگاہی اور عمارتوں کو نقصان سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ریٹیننگ وال سمیت دیگر ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے اور فوڈ سٹریٹ، کرافٹ بازار سمیت تمام منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ والڈ سٹی منصوبے کے تحت تاریخی ملتان کے ثقافتی تشخص کو برقرار رکھتے ہوئے شہریوں اور سیاحوں کو معیاری مطالعاتی، تفریحی اور ثقافتی سہولیات فراہم کی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments