عالمی یوم اساتذہ پر پنجاب بھر میں ہیرو ایوارڈز 2026 کا اعلان
ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں میں تدریسی خدمات انجام دینے والے بہترین اساتذہ کی پذیرائی کیلئے ‘‘ہیرو ایوارڈز 2026’’ کے انعقاد کا اعلان کردیا۔
اس سلسلے میں پروگرام مانیٹرنگ اینڈ امپلی منٹیشن یونٹ (PMIU) کے پروگرام ڈائریکٹر کی جانب سے تمام اضلاع کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹو افسروں کو مراسلہ اور تفصیلی ہدایات جاری کردی گئی۔ ہیں۔عالمی یوم اساتذہ 5 اکتوبر کو منایا جائے گا، جس کا رواں برس موضوع ‘‘اساتذہ کے ساتھ کھڑے ہونا: پیشے کا تحفظ، اس کے مقام کی بلندی اور ہمارے مستقبل کی تشکیل کے 60 سال’’ مقرر کیا گیا ہے ۔ ایوارڈز کا مقصد تعلیمی معیار بہتر بنانے ، طلبہ کی تعلیمی و تربیتی کارکردگی میں اضافے اور اساتذہ کی محنت و لگن کا اعتراف کرنا ہے ۔ پروگرام گلوبل پارٹنرشپ فار ایجوکیشن کے مالی تعاون سے جاری ‘‘تعلیم’’ پروگرام کے تحت منعقد ہوگا۔ایوارڈز کا دائرہ پرائمری، ایلیمنٹری، سیکنڈری، ہائر سیکنڈری اور خصوصی شعبہ جات تک ہوگا۔ ہر تحصیل سے پرائمری اور ایلیمنٹری سطح پر 5،5 ایوارڈز دیئے جائیں گے ، جن میں مرد و خواتین اساتذہ اور ہیڈ ٹیچرز شامل ہوں گے ۔ ہائر سیکنڈری سطح پر بورڈ کے بہترین نتائج کی بنیاد پر 3 ایوارڈز جبکہ ECCE، FLN، STEM، کھیل اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں خدمات پر 2 خصوصی ایوارڈز دیئے جائیں گے ۔ سیکنڈری کیٹیگری کے ایوارڈز کی تعداد بعد میں مقرر کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments