کوٹ ادو:ایک رات میں چوری کی 5وارداتیں، مقدمات درج
گھر کے باہر سے 2موٹر سائیکلیں، چھت سے سولر پلیٹیں، رقبہ سے موٹر اور نقدی چوری
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار) ایک ہی رات میں مختلف علاقوں میں چوری کی پانچ وارداتوں کے دوران نامعلوم چور دو موٹر سائیکلیں، تین سولر پلیٹیں، سولر موٹر اور 7ہزار روپے نقدی چوری کرکے فرار ہوگئے ۔ پولیس نے تمام واقعات کے مقدمات درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ تھانہ محمود کوٹ کے علاقہ موضع گرمانی شرقی میں فیصل فیاض موٹر سائیکل پر اڈا گورمانی سودا سلف لینے گیا اور واپسی پر موٹر سائیکل گھر کے باہر گلی میں کھڑی کردی، کچھ دیر بعد موٹر سائیکل غائب تھی، جس کی مالیت ایک لاکھ 20 ہزار روپے بتائی گئی ہے ۔ تھانہ سٹی چوک سرور شہید کے علاقہ محلہ اسلام پورہ میں محمد شاہد نے اپنی ہمشیرہ کے گھر کے باہر موٹر سائیکل کھڑی کی، چند منٹ بعد واپس آیا تو موٹر سائیکل غائب تھی، جس کی مالیت ایک لاکھ روپے بتائی گئی ہے ۔ تھانہ صدر سرور شہید کے علاقہ چک نمبر 635 ٹی ڈی اے میں محمد فاروق انجم کے گھر کی چھت میں سوراخ کرکے چور داخل ہوئے اور آہنی ٹرنک کے نیچے رکھی 7 ہزار روپے نقدی لے گئے ۔ تھانہ سٹی کوٹ ادو کے علاقہ موضع چوہدری میں محمد زاہد کے مکان کی چھت سے 180 واٹ کی تین سولر پلیٹیں چوری ہوئیں، جن کی مالیت 30 ہزار روپے بتائی گئی ہے ۔ تھانہ دائرہ دین پناہ کے علاقہ موضع ٹبہ مستقل شرقی میں محمد اسلم کے رقبہ سے 10 ہارس پاور کی سولر موٹر چوری کرلی گئی، جس کی مالیت 90 ہزار روپے ہے ۔ پولیس نے مقدمات درج کرکے ملزمان اور مال مسروقہ کی تلاش شروع کردی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments