سکولوں کے یوٹیلیٹی بلز ، این ایس بی فنڈز کاریکارڈ طلب
سکولوں کے یوٹیلیٹی بلز ، این ایس بی فنڈز کاریکارڈ طلب20 اکتوبر تک تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت، اخراجات کا جائزہ لیا جائیگا
ملتان (خصوصی رپورٹر) حکومت پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں کے یوٹیلیٹی بلز اور نان سیلری بجٹ (این ایس بی) فنڈز کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ اس سلسلے میں تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ مالی سال 2026-27ء کی پہلی سہ ماہی، یعنی جولائی، اگست اور ستمبر کے دوران ہونے والے اخراجات اور موصولہ فنڈز کا مکمل سکول وار ریکارڈ 20 اکتوبر 2026ء تک متعلقہ ڈائریکٹوریٹ کو ارسال کیا جائے ۔جاری مراسلے کے مطابق تمام سی ای اوز اپنے اضلاع کے سرکاری سکولوں کا ڈیٹا مرتب کرکے مقررہ تاریخ تک جمع کرانے کے پابند ہوں گے ۔ ریکارڈ میں ہر سکول کا نام، ای ایم آئی ایس کوڈ، بجلی، سوئی گیس، پانی اور دیگر یوٹیلیٹی بلز کی مد میں ادا کی گئی رقوم کے ساتھ این ایس بی فنڈز کی وصول شدہ رقم کی تفصیلات شامل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔
مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام معلومات مائیکروسافٹ ایکسل فارمیٹ میں سکول وار مرتب کی جائیں اور ان کے ساتھ متعلقہ سی ای او کے دستخط شدہ ایک صفحے کا خلاصہ بھی منسلک کیا جائے تاکہ فراہم کردہ ریکارڈ کی تصدیق ہو سکے ۔اس اقدام کا مقصد سرکاری سکولوں کو فراہم کیے گئے نان سیلری بجٹ اور یوٹیلیٹی اخراجات کا تقابلی جائزہ لینا اور دستیاب مالی وسائل کے مقابلے میں ہونے والے اخراجات کی صورت حال کا تعین کرنا ہے۔ اس ریکارڈ کی مدد سے سکولوں کو جاری فنڈز اور ان کے استعمال سے متعلق مالی تفصیلات کا جائزہ لیا جا سکے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments