انسداد ڈینگی مہم تیز، غفلت برتنے پر کارروائی کا عندیہ
انسداد ڈینگی مہم تیز، غفلت برتنے پر کارروائی کا عندیہلاروا کی نشاندہی، ہاٹ سپاٹس کی نگرانی، علاج کے انتظامات مؤثر بنانے پر زور
ملتان (وقائع نگار خصوصی) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے انسداد ڈینگی مہم مؤثر بنانے ، لاروا کی نشاندہی اور حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہ کی جائے ۔ اس حوالے سے ان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں ملتان، خانیوال، وہاڑی اور لودھراں میں جاری سرگرمیوں اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ صحت کے حکام نے ڈینگی کیسز، لاروا کی نشاندہی، ہاٹ سپاٹس، سرویلنس ٹیموں کی تعیناتی اور عوامی آگاہی کے اقدامات پر بریفنگ دی۔ حکام کے مطابق سکولوں، مارکیٹوں، سرکاری عمارتوں اور دیگر عوامی مقامات پر آگاہی سیشنز منعقد کیے گئے اور شہریوں میں احتیاطی تدابیر سے متعلق پمفلٹس تقسیم کیے گئے ۔
کمشنر نے ہدایت کی کہ ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کو مؤثر بنایا جائے ، لاروا ملنے پر فوری کارروائی کی جائے اور ڈینگی کے مشتبہ و تصدیق شدہ کیسز کی بروقت رپورٹنگ یقینی بنائی جائے ۔ سرکاری و نجی ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے لیے بیڈز اور دیگر ضروری سہولتوں کا انتظام بھی کیا جائے ۔ مقامی سطح پر کیسز سامنے آنے والے علاقوں میں خصوصی توجہ دی جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام محکمے اپنے فوکل پرسنز اور سرکاری صارفین کے اکاؤنٹس فعال رکھیں۔ کسی افسر یا اہلکار کے تبادلے یا ریٹائرمنٹ کی صورت میں فوری متبادل تعینات کیا جائے تاکہ مہم متاثر نہ ہو۔ فیلڈ سرگرمیوں کی باقاعدہ جانچ پڑتال بھی کی جائے ۔کمشنر نے پارکس، بس ٹرمینلز، ریلوے اسٹیشنز اور مارکیٹوں میں آگاہی بورڈز نصب کرنے اور عوامی نمائندوں کے ذریعے احتیاطی تدابیر کا پیغام عام کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں باہمی رابطے ، مسلسل نگرانی اور فیلڈ وزٹس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ شہریوں کو پانی جمع نہ ہونے دینے اور صاف ماحول برقرار رکھنے کے حوالے سے آگاہی دی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments