گرین الیکٹرک بس سروس کا افتتاح، شہریوں کا والہانہ استقبال

گرین الیکٹرک بس سروس کا افتتاح، شہریوں کا والہانہ استقبال

اجمل چانڈیہ نے سروس کا افتتاح کیا،بسوں پر منوں پھولوں کی پتیاں نچھاور ایم پی اے کا آئندہ سال روٹ تحصیل کے تمام حصوں تک بڑھانے کا اعلان

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر ) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پارلیمانی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن و رکن صوبائی اسمبلی اجمل خان چانڈیہ نے مظفرگڑھ، ملتان گرین الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کی اور بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ نوجوان ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے اور مریم نواز شریف زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے ، جبکہ بسوں پر منوں پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے نئی سفری سہولت کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ مظفرگڑھ اور ملتان کے درمیان گرین الیکٹرک بس سروس کا آغاز شہریوں کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ۔ اس سروس سے روزانہ تعلیم، کاروبار، ملازمت اور مزدوری کے سلسلے میں دونوں شہروں کے درمیان سفر کرنے والے ہزاروں افراد مستفید ہو سکیں گے ۔ جدید سفری سہولت سے شہریوں کو آرام دہ سفر میسر آنے کے ساتھ سفری مشکلات اور اخراجات میں کمی کی بھی توقع ہے ۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اجمل خان چانڈیہ نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا عزم ہے کہ صوبے کے ہر کونے میں عوام کو جدید، محفوظ اور باسہولت پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے ۔ انہوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تجویز پر مظفرگڑھ اور ملتان کے درمیان گرین الیکٹرک بس سروس شروع کی گئی۔ اجمل خان چانڈیہ نے کہا کہ یہ سروس ایک تاریخی اقدام اور اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت پسماندہ اضلاع کی ترقی اور عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنے کے لیے کوشاں ہے ۔ ان کے مطابق انہوں نے انتخابی مہم کے دوران اہلیانِ مظفرگڑھ سے معیاری ٹرانسپورٹ کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا، جو قیادت کے تعاون سے پورا ہو گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سروس سے بالخصوص طلبہ، ملازمین، مزدوروں اور کاروباری افراد کو فائدہ پہنچے گا، جو روزانہ مختلف ضروریات کے تحت مظفرگڑھ سے ملتان اور ملتان سے مظفرگڑھ سفر کرتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ سال گرین الیکٹرک بس سروس کا روٹ تحصیل مظفرگڑھ کے تمام حصوں تک بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...