کوٹ ادو میں وارداتیں، زیورات، نقدی اور مویشی چوری
چورگھر سے طلائی زیورات، چاندی کا سیٹ ودیگر قیمتی سامان لے اڑے
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) کوٹ ادو میں چوری کی دو مختلف وارداتوں کے دوران شہری گھر سے زیورات، نقدی اور قیمتی سامان جبکہ دوسرے گھر سے مویشی چوری ہوگئے ۔ پولیس نے دونوں واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔تفصیلات کے مطابق تھانہ محمود کوٹ کے علاقے موضع قصبہ گجرات کے رہائشی محمد رقیب نے پولیس کو بتایا کہ نامعلوم چور رات کے وقت اس کے گھر میں داخل ہوئے اور اس کمرے کا دروازہ باہر سے بند کردیا جس میں اس کی اہلیہ سو رہی تھی۔ ملزمان نے دوسرے کمرے کا تالا توڑ کر وہاں رکھے بکس سے چاندی کا مکمل سیٹ، 75 ہزار روپے نقدی، چار ماشے طلائی زیورات، پانچ جوڑے غیر سلے کپڑے ، بیڈ شیٹ، ب فارم اور دیگر ضروری کاغذات چوری کرلیے ۔ چوری شدہ سامان کی مالیت ایک لاکھ 69 ہزار روپے بتائی گئی ہے ۔دوسری واردات تھانہ محمود کوٹ کے علاقے چک نمبر 150 ایم ایل میں پیش آئی، جہاں عبد الستار نے پولیس کو بتایا کہ وہ معمول کے مطابق بکریوں کو چارہ ڈال کر گھر میں سو گیا۔ رات کے وقت نامعلوم ملزمان اس کے گھر سے ایک بھیڑ چوری کرکے لے گئے ، جس کی مالیت دو لاکھ 40 ہزار روپے بتائی گئی ہے ۔ پولیس نے مقدمات درج کرکے کارروائی شروع کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments