اراضی کا جعلی انتقال، ورثاء 5 سال سے انصاف کے منتظر
محکمانہ کارروائی اور عدالتی فیصلے حق میں ہونے کے باوجود زمین کا قبضہ نہ مل سکا
بورے والا (سٹی رپورٹر) چک نمبر 193 ای بی گگو کے رہائشی محمد اقبال ولد عبدالحق نے مبینہ جعلی انتقال کے ذریعے آبائی اراضی ہتھیانے اور گزشتہ پانچ سال سے زمین کا قبضہ نہ ملنے پر اعلیٰ حکام سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے ۔اپنے ویڈیو بیان میں محمد اقبال نے الزام عائد کیا کہ 1993ء میں ان کے والد عبدالحق ولد فضل دین کے نام درج آبائی اراضی کا مبینہ جعلی انتقال کروا کر عبدالحق ولد جمال دین کے نام منتقل کر دیا گیا، جس کے باعث وہ اپنی وراثتی زمین سے محروم ہو گئے ۔محمد اقبال کے مطابق گزشتہ پانچ سال سے مخالفین نے ان کی اراضی پر قبضہ کر رکھا ہے ، جبکہ متعلقہ محکمے کی کارروائی اور عدالتی فیصلے ان کے حق میں ہونے کے باوجود انہیں زمین کا قبضہ نہیں دلوایا جا رہا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ امین اور سرور نامی افراد نے ان کی بہن، بھانجی اور بھانجے کے وراثتی حصوں پر بھی قبضہ کر رکھا ہے ۔متاثرہ شہری نے مزید دعویٰ کیا کہ مخالفین کی جانب سے انہیں مسلسل جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جس کے باعث انہیں اپنی اور اہل خانہ کی جان کا خطرہ لاحق ہے ۔محمد اقبال نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اور چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ مبینہ جعلی انتقال کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، انہیں اور ان کے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کیا جائے اور عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے آبائی اراضی کا قبضہ واپس دلوایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments