کوٹ ادو میں فائرنگ، تشدد اور نقدی چھیننے کے 5 واقعات
خواتین سے بدتمیزی، تشدد ،شہریوں کو قتل کی دھمکیاں، مقدمات درج
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) کوٹ ادو میں فائرنگ، تشدد، نقدی چھیننے اور لڑائی جھگڑے کے پانچ مختلف واقعات پیش آئے ، جن میں خواتین کو بھی تشدد اور بدتمیزی کا نشانہ بنایا گیا جبکہ شہریوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ پولیس نے تمام واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرلیے ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ محمود کوٹ کے علاقے موضع بیٹ ملانہ میں تلخ کلامی کی رنجش پر میر حسین اور دیگر ساتھیوں نے غلام اصغر کی دکان کے سامنے ہوائی فائرنگ کی، دکان میں داخل ہوکر اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور گلے سے 50 ہزار روپے نکال کر لے گئے ۔دوسرے واقعے میں رشتے کے تنازع پر غلام فرید اور عبدالمجید نے محمد رمضان کی ہمشیرہ رضیہ بی بی کو گھر کے باہر تشدد کا نشانہ بنایا، گالیاں دیں اور بدتمیزی کی۔تیسرے واقعے میں چک نمبر 598 ٹی ڈی اے کے اقبال احمد اور اس کی بیٹی سمینہ مائی کو عرفان سمیت 20 افراد نے راستے میں روک کر تشدد کا نشانہ بنایا۔چوتھے واقعے میں تھانہ سٹی کوٹ ادو کے علاقے میں سیف اور الماریوں کے دکاندار مظہر اقبال سے تلخ کلامی کے بعد رکشہ ڈرائیور عمران اور اس کے تین ساتھیوں نے تشدد کیا، دکان میں توڑ پھوڑ کی جبکہ اس کی جیب سے 43 ہزار روپے بھی گر گئے ۔پانچویں واقعے میں تھانہ سنانواں کے علاقے موضع کھائی سوئم میں دو موٹرسائیکلوں پر سوار نامعلوم افراد نے مظہر اقبال اور اس کے ساتھیوں کو قتل کی دھمکیاں دیتے ہوئے فائرنگ کی۔ پولیس نے تمام واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments