گٹکا ،پان پراگ،ون ٹو ون،نشیلی سپاریوں کی فروخت
سرگودھا(نامہ نگار ) شہر اور گردونواح میں گٹکا ،پان پراگ ’ ون ٹو ون’ نشیلی سپاریوں سمیت متعدد نشہ آور سپاریوں کی بھرمار جبکہ چھوٹی عمر کے بچوں میں سگریٹ پینے کے رجحان میں اضافہ باعث تشویش بنتا جا رہا ہے۔
تفصیل کے مطابق بڑوں کیساتھ ساتھ بچے بھی ان نشہ آور سپاریوں،گٹکا کے عادی ہورہے ہیں جن کی فروخت انتظامیہ کیلئے چیلنج بنی ہوئی ہے آپریشن کے خوف سے دکانداروں’ جنرل سٹورز مالکان نے گٹکا وغیرہ سرعام لٹکانا چھوڑ دیا ہے لیکن اس کی فروخت جاری ہے ، اسی طرح چھوٹی عمر کے بچوں میں سگریٹ کے استعمال میں اضافہ باعث تشویش بنتا جا رہا ہے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ گٹکا اور اسی طرز کی سپاریاں اور سگریٹ نوشی گلے کی نالیوں کو سکیڑ کر کینسر کا باعث بن رہا ہے یہ اشیاء نوجوان نسل کو ذہنی مفلوج بنانے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں چونکہ یہ چیزیں عام مل جاتی ہیں جس کے باعث یہ لوگ اس نشہ کو ترجیح دینے لگے ہیں شہریوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔