یونیورسٹی آف سرگودھا میں ایک روزہ سیمینار کا انعقاد

یونیورسٹی آف سرگودھا میں ایک روزہ سیمینار کا انعقاد

سرگودھا(سٹاف رپورٹر )یونیورسٹی آف سرگودھا میں فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیپارٹمنٹ آف سوشیالوجی اینڈ کریمنالوجی کے زیرِ اہتمام ‘‘ سائبر جرائم خطرات کے خلاف نوجوانوں کی تیاری میں تعلیمی اداروں کا کردار ’’ کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔۔۔

جس میں پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل کامران ، ڈائریکٹر آئی ٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس، لیکچرر ڈیپارٹمنٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی وسیم احمد سمیت فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بدولت معاشرہ میں بڑی تیزی سے بدلاؤ آ رہا ہے اور اس تیز ترین بدلاؤ کے منفی اثرات سامنے آ رہے ہیں، سمارٹ ڈیوائسز کی بدولت جہاں ہم نجی زندگی سے محروم ہوتے جا رہے ہیں۔ہمیں سائبر کرائمز کی بدولت درپیش خطرات کے بارے میں جانتے ہوئے یہ سوچنا ہو گا کہ دور حاضر کے سب سے بڑے چیلنج سائبر سکیورٹی سے کیسے نبرد آزما ہوا جائے ۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سائبر کرائمز اور سائبر سکیورٹی سے درپیش خطرات سے نمٹنے کیلئے نوجوان نسل کو شعور دیا جائے ۔اسی طرح نوجوان طلبہ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ آگے عام شہریوں کو سائبر سکیورٹی سمیت ٹیکنالوجی سے درپیش دیگر خطرات کے بارے میں آگاہی دیں۔ مزید یہ کہ نصاب میں بدلاؤ لاتے ہوئے جدید نصاب میں یہ بتایا جائے کہ سائبر سکیورٹی کے جدید خطرات کا سامنا کیسے کیا جانا چاہیے ۔ نوجوان طلبہ بطور سوشیالوجسٹ اور آئی ٹی ایکسپرٹ سوشل انجینئرنگ کے ذریعے ان خطرات میں کمی لا سکتے ہیں ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں