پیاز،ٹماٹر، مصالحہ جات دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ

پیاز،ٹماٹر، مصالحہ جات دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)عید کی آمد کیساتھ ہی پیاز’ٹماٹر’مصالحہ جات سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں 200سے 300فیصد تک اضافہ، انتظامیہ خاموش تماشائی جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیر متحرک ہونے سے لوگ منافع خوروں کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور رہے۔

 تفصیل کے مطابق گزشتہ روز گوشت کی تیاری میں استعمال ہونیوالی سبزیوں کے من مانے دام وصول ہو تے رہے ، کسی بھی علاقے میں فروخت ہونیوالی اشیاء کے نرخ برابر نہ تھے ،علی الصبح ہونیوالی نیلامیوں میں ضلعی افسران بھی شریک نہ ہوئے اور سرکاری نگرانی نہ ہونے سے مڈل مین کا ہی راج دکھائی دیا،مختلف سبزیوں کی قیمتوں نے ریکارڈ توڑ دیئے ، اڑتالیس گھنٹے قبل 60روپے فی کلو فروخت ہونیوالے ٹماٹر کا ریٹ250سے 300روپے ، ادرک 1200 روپے ،سبزمرچ 200، لیموں 800سے 1000روپے ، لہسن 440 ، پیاز120 ، آلو 160 روپے ،دھنیہ 400روپے اور کھیر۱ 80 روپے کلوتک فروخت ہوتا رہا اس طرح ایک ہی رات میں مڈل مین نے مارکیٹ کمیٹیوں کی ملی بھگت سے ریجن بھر میں کروڑوں روپے کا ناجائز منافع کمایا جبکہ پرائس کنٹرو ل کمیٹیاں مکمل طور پر غیر فعال رہیں،شہریوں کا کہنا تھا کہ مطلوبہ مقدار نہ سہی کچھ نہ کچھ تو لینا ہی ہے مگرحکو متی رٹ یہاں بھی نظر نہیں آ رہی کسی بھی اشیاء کی قیمت پر انتظامیہ کا کنٹرول نظر نہیں آرہا تاجر منہ مانگے ریٹ مانگتے ہیں مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر 10 روپے فی لسٹ کے نام پر ریڑھی’ چھابڑی والوں سے بھتہ لے لیا جاتا ہے مگر اس ریٹ لسٹ پر کہیں بھی عملدرآمد ہوتا نظر نہیں آتا جس کی وجہ سے سرگودھا کے شہری لٹنے پر مجبور ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں