واٹر سپلائی سکیموں کی حالت زار بہتر بنانے کیلئے قائم سپیشل مانیٹرنگ یونٹ بھی غیر فعال ہوگئے

واٹر سپلائی سکیموں کی حالت زار بہتر بنانے کیلئے قائم سپیشل مانیٹرنگ یونٹ بھی غیر فعال ہوگئے

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) شہریوں کو میٹھے اور صاف پانی کی فراہمی یقینی اور واٹر سپلائی سکیموں کی حالت زار بہتر بنانے کیلئے قائم ہونیوالے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ بھی غیر فعال ہو گئے جبکہ برسات میں ممکنہ خدشات کے پیش نظر اقدامات کا آغا ز نہ ہونے سے صورتحال مزید گھمبیر ہونے لگی ہے۔

ذرائع کے مطابق واٹر سپلائی سکیموں میں صفائی، پانی کی کلورنیشن اور دیگر امور کے ساتھ ساتھ میٹھے پانی کی عدم دستیابی کی شکایات کے فوری حل کیلئے سابقہ حکومت نے گزشتہ سال یہ کمیٹیاں قائم کی تھیں ، جو چند ماہ بعد ہی غیر فعال ہو گئیں اور گزشتہ سات ماہ سے کمیٹیوں کی کاغذی کار روائی بھی مکمل طور پر ٹھپ پڑی ہے ، دوسری جانب سرگودھا سمیت ریجن بھر میں اربوں روپے کی لاگت سے تیار کی گئی اکثر واٹر سپلائی سکیموں کی حالت زار مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث قابل رحم ہو چکی ہے اسی طرح جن واٹر سپلائی سکیموں سے پینے کا پانی فراہم کیا جا رہا ہے ان کی کلورنیشن کیلئے کسی قسم کے انتظامات نہیں، جس کے باعث ان واٹر سپلائی سکیموں سے فراہم کردہ پانی بھی مضر صحت ہو چکا ہے ، صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری آئی اینڈ سی لوکل گورنمنٹ پنجاب کی جانب سے بلدیاتی اداروں کے سربراہان کو فوری توجہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیکنگ کے دوران گائیڈ لائن پر عملدرآمد کا فقدان پائے جانے پر متعلقہ عملے اور افسر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں