ممکنہ سیلاب : ایمرجنسی وارننگ سیل قائم ، 24 گھنٹے فعال

ممکنہ سیلاب : ایمرجنسی وارننگ سیل قائم ، 24 گھنٹے فعال

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) مون سون کے دوران سیلاب کی ممکنہ تباہ کاریوں سے بچاؤکیلئے ہائی رسک علاقوں میں ایمرجنسی وارننگ سیل قائم کردیئے گئے۔۔۔

اس سلسلہ میں سیکرٹری پنجاب فلڈ کمیشن نے سرگودھا ، خوشاب ،میانوالی اور بھکر میں ایمرجنسی وارننگ سیل کو چوبیس گھنٹے فعال رکھنے اور معلومات کے بروقت تبادلے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے ،جبکہ محکمہ انہار سرگودھا سرکل جو کہ منڈی بہاؤالدین سے جھنگ تک پھیلا ہوا ہے کے تمام آفیسرز ، آفیشلز اور ملازمین کے رابطہ نمبرز ،عہدے اور دیگر تفصیلات چوبیس گھنٹے میں صوبائی کنٹرول سیل بھجوانے کا کہا گیا ہے ۔ دریں اثنا انتظامیہ کی طرف سے ممکنہ سیلاب کے دوران ریلیف اور ایکشن پلان میں رکاوٹ کے پیش نظر دریاؤں کے کنارے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے چار ٹیمیں تشکیل دید ی، جبکہ اس حوالے سے پولیس کو بھی خصوصی معاونت کی ہدایت کی گئی ہے ،ذرائع کے مطابق دریائے جہلم کے کنارے بھیرہ، شاہ پور اور ساہی وال جبکہ دریائے چناپ کے کنارے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے کوٹمومن میں محکمہ انہار اور ضلعی انتظامیہ کے افسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس حوالے سے خصو صی کریک ڈاؤن کر کے سو فیصد عملد رآمد کی رپورٹ ارسال کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں