پاکستان ہماری امنگوں کا ترجمان ہے :محمد اجمل بھٹی

 پاکستان ہماری امنگوں کا ترجمان ہے :محمد اجمل بھٹی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا ڈویژن محمد اجمل بھٹی نے کہا ہے کہ پاکستان ہماری امنگوں کا ترجمان ہے ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور سلامتی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

اکابرین پاکستان اور ہمارے اسلاف نے وطن عزیز کو حاصل کرنے کے لئے جو قربانیاں دی ہیں انہیں ہر گز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ پاکستان میں محبت،امن،بھائی چارے ،رواداری اور برداشت کے جذبوں کو پروان چڑھانا ہر شخص کی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ایک خوشحال،مضبوط اور ذمہ دار قوم کے طور پر دنیامیں پہچانے جائیں۔ وہ جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلہ میں ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جشن آزادی کی تقریبات کو شایان شان طریقہ سے منانے کے لئے تمام متعلقہ محکمے بھر پور اقدامات کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ چاروں ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر 13 اور 14 اگست کی رات ملی نغموں کے مقابلے اور آتش بازی کروائی جائے ۔ 14 اگست کو ڈویڑن ، ضلعی اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز پر صبح 7 بجکر 55 منٹ پر پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی تقاریب کا انعقاد کیا جائے ۔ سرکاری دفاتر، بازاروں ، چوہراہوں پلازوں کو قومی پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا جائے اور تمام بڑے چھوٹے شہروں کو قومی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جشن آذادی کی تقریبات میں ہر مکتبہ فکر کے افراد کی شرکت کو یقینی بنایا جائے ۔ تعلیمی میں ملی نغموں ، ڈرامہ اور تقریر ومضمون نویسی کے مقابلے کروائے جائیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں