میونسپل کارپوریشن ملازمین کی بائیومیٹرک حاضری سسٹم کی مخالفت، منصوبہ التواء کا شکار
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)مالی بد حالی کا شکار میونسپل کارپوریشن میں بائیو میٹرک سسٹم کا اجراء ملازمین کی مخالفت کے باعث التواء کا شکار ہوگیا، جبکہ ایڈمنسٹریٹر اور سی او کرپٹ اور نکمے ملازمین کو نکیل ڈالنے میں مکمل طور پر ناکام ہیں۔
ذرائع کے مطابق سابقہ دور حکومت میں بھی ملازمین کی حاضری یقینی بنانے کے لئے دفتر اور پانچ مختلف مقامات پر بائیو میٹرک مشینیں نصب کی جا چکی ہیں ،مگر ابتداء میں ہی رکاوٹیں ڈال کر یہ نظام مکمل طور پر فلاپ کردیا گیا ، اب موجودہ انتظامیہ بھی ملازمین کی حاضری یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے مگر کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہو رہی، بالخصوص فیلڈ ملازمین /سینیٹری ورکرز کی بوگس حاضریوں کا سلسلہ جاری ہے جنہیں متعلقہ شعبوں کے سربراہان کی مکمل آشیر باد حاصل ہے، اور یہی ملازمین کارپوریشن میں بائیو میٹرک سسٹم کے خلاف ہیں ،ضرورت اس امر کی ہے کہ افسران بالا مربوط حکمت عملی اور مستقل چیک اینڈ بیلنس یقینی بنائیں اور ہر ملازم کو بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے حاضری یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں۔