لیبر قوانین پر عملدرآمد ، مقررہ اجرت ادائیگی کیلئے قائم کمیٹیوں کی کارکردگی ناقص
سرگودھا(سٹاف رپورٹر )لیبر قوانین پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ مقررہ اجرت کی ادائیگی کو یقینی بنانے والی ضلعی کمیٹیوں کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے۔۔۔
اس حوالے سے سرگودھا ریجن میں ضلعی ویجی لینس کمیٹیوں کا اندازہ اس امر سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ کمیٹیوں کی میٹنگز شیڈول کے مطابق نہیں ہو پا رہی، جبکہ اگر کوئی میٹنگ ہو جائے تو ان کمیٹیوں کی سفارشات متعلقہ شعبوں کی الماریوں کی زینت بن کر رہ جاتی ہیں جبکہ صنعتی یونٹس بالخصوص ورکشاپس ،ہوٹلوں ،دوکانوں پر کام کرنیوالے محنت کشوں اور دیگر نجی اداروں کے ملازمین کو مقررہ اجرت کی ادائیگی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی بابت اقدامات نا کافی ہونے سے ان کے مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھ رہے ہیں، بالخصوص مہنگائی کی موجودہ صورتحال میں نجی ملازم اور مزدور پس کر رہ گیا ہے ، سرمایہ دار کو قوانین کا پابند بنانے کے حوالے سے مناسب حکمت عملی اختیار نہ کئے جانے کے باعث شکایات بھی بڑھ رہی ہیں، مزدوروں و نجی ملازمین نے صوبائی حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔