ضلع بھر میں جعلی موبل آئل کی تیاری اور فروخت جاری
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) شہر سمیت ضلع بھر میں جعلی موبل آئل کی تیاری اور فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں فاطمہ جناح روڈ، لاری اڈا، سیٹلائٹ ٹاؤن، خوشاب روڈ، حمید ٹاؤن سمیت شہر کے درجنوں مقامات پر جعلی موبل آئل کی تیاری مقامی سطح پر کی جا رہی ہے ، جن کے ڈبوں پر ملٹی نیشنل کمپنیوں سے ملتا جلتا لیبل لگا ہوتا ہے ، پرکشش پیکنگ والا یہ جعلی موبل آئل سرگودھا سے مختلف اضلاع میں بھی سپلائی کیا جاتا ہے ، اس موبل آئل کے استعمال سے گاڑیوں کے انجن تباہ ہو رہے ہیں، جعلی موبل آئل کی فروخت کرنے والوں کے خلاف ایک عرصہ سے کارروائی بھی عمل میں نہیں لائی جا سکی، جس کی وجہ سے یہ کاروبار شدت اختیار کرتا جا رہا ہے ۔