افراد ی قوت کی کمی ،شہر میں ٹریفک کا جن بے قابو ہو نے لگا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) افراد ی قوت کی کمی کے باعث شہر میں ٹریفک کا جن بے قابو ہوتا جا رہا ہے ، تقریباً3کلو میٹر یونیورسٹی روڈ پر صرف 2مقامات پر 4سے 5ٹریفک اہلکار موجود ہوتے ہیں۔۔
سیٹلائٹ ٹاؤن چوک میں بھی 3سے 4اہلکار ڈیوٹی دیتے نظر آتے ہیں۔ 3سے 4کلو میٹر لمبی اور مصروف ترین فاطمہ جناح روڈ پر کوئی ٹریفک اہلکار نہیں نظر آتا، جبکہ نئے اوور ہیڈ برج کے نیچے 2 سے 3 اہلکار ایک سائیڈ پر کھڑے ہو کر ڈیوٹی سر انجام دیتے نظر آتے ہیں۔ طفیل چوک، اردو بازار، جہاں چنگ چی رکشہ مافیا کا قبضہ ہے وہاں کوئی بھی پولیس اہلکار نظر نہیں آتا۔ اس طرح مصروف ترین بازار شربت والا چوک پر بھی چنگ چی رکشہ مافیا نے قبضہ کیا ہوا ہے ، اور شریف شہریوں کو سر عام سفر کرنے کیلئے تنگ کیا جاتا ہے ۔ 25 لاکھ آبادی کے اس شہر میں بے شمار مسائل کی طرح ٹریفک کے اہم ترین مسئلہ کو حل کرنے کے لئے ابھی تک عملی اقدامات نہیں کیے جا رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آئے دن شہریوں اور چنگ رکشہ ڈرائیوروں کے درمیان تلخ کلامی دیکھنے کو ملتی ہے ۔ مقامی انتظامیہ آئے روز میٹنگز میں شہر کے مسائل کو حل کرنے کا لائحہ عمل بتاتی ہے ۔ جن میں سے 40 فیصد پر عملدرآمد ہو جاتا ہے باقی 60 فیصد اہم مسائل اپنی جگہ قائم ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسائل کو حل کرنے کے لئے ایک مضبوط لائحہ عمل بنا کر اسے عملی جامہ پہنایا جائے ۔