سپورٹس کمپلیکس میں انٹر ریجنل فٹسل چیمپئن شپ اختتام پذیر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سرگودھا سپورٹس کمپلیکس میں انٹر ریجنل فٹسل چیمپئن شپ اختتام پذیر ہو گیا۔ آر پی او محمد شہزاد آصف خان اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
چیمپئن شپ میں پنجاب بھر سے چھ ٹیموں سرگودھا،راولپنڈی اورلاہور ریجن، ایلیٹ فورس، پنجاب کانسٹیبلری فاروق آباد اور سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ فائنل میچ سرگودھا اور ایلیٹ فورس پنجاب کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں نے بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا۔ ایلیٹ فورس پنجاب کی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل اپنے نام کرلیا۔ آر پی او نے تمام کھلاڑیوں سے ملاقات کی بہترین کھیل پیش کرنے پر ان کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں ٹرافی جبکہ فائنل میچ میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں میں میڈل تقسیم کیے ۔ اس موقع پر ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی، ایس پی آر آئی بی اظہر یعقوب اور اے ڈی آئی جی محمد طارق بھی موجود تھے۔