اشتہاریوں کیخلاف گھیرا تنگ، جائیدادیں ضبط کرنیکا فیصلہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)اشتہاریوں کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے ان کی جائیدادیں ضبط کرنے کے حوالے سے اقدامات کو منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس ضمن میں ابتدائی طور پر قتل، اغواء اور ڈکیتی جیسی سنگین وارداتوں میں مطلوب 342خطرناک اشتہاریو ں کا ڈیٹامرتب کیا گیا ہے ، جو کہ تھانہ سٹی، فیکٹری ایریا، صدر، بھاگٹانوالہ، ساجد شہید، اربن ایریا ،جھال چکیاں، پھلروان، مڈھ رانجھاسمیت ضلع کے 27تھانوں کو ایک عرصہ سے مطلوب ہیں اور ان کی گرفتار ی ایک چیلنج بنی ہوئی ہے ،بعض اشتہاری تو دو دہائیوں سے جبکہ زیادہ تر 2015تا 2023سے مطلوبہ ہیں، ڈی پی او ڈاکٹر ا سد اعجا ز ملہی کی زیر نگرانی ماہر پولیس افسران کی ٹیم نے ہر تحصیل کا الگ ریکارڈ ترتیب دیا ہے ، اور متذکرہ اشتہاریوں کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات، انکے شناختی کارڈنمبرز اور دیگر کوائف کی تفصیلات گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کو ارسال کر کے سفارش کی گئی ہے کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اور متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کے ذریعے اشتہاریوں کے نام غیر منقولہ جائیداوں کی تفصیلات ترجیح بنیادوں پر ارسال کی جائیں تاکہ جلد از جلد زیر دفعہ 88-U/Sکے تحت مزید کاروائی عمل میں لائی جا سکے۔