سرگودہا اور خوشاب میں انسداد پولیو مہم اختتام پذیر ہوگئی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سرگودہا اور خوشاب میں رواں سال کی آخری انسداد پولیو مہم اختتام پذیر ہوگئی۔ دونوں اضلاع میں مقررہ اہداف کامیابی سے حاصل کیے گئے ۔
اس ضمن میں ایک جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کی زیر صدارت ان کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی او ہیلتھ سرگودہا ڈاکٹر سائرہ صفدر ، سی او ہیلتھ خوشاب ڈاکٹر صائمہ اکرم ڈی ایچ اوز، ڈی ڈی ایچ اوز، اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں کے علاؤہ مہم میں حصہ لینے والے دیگر محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کے پاس ڈی سی خوشاب کا اضافی چارج بھی ہے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 16سے 20دسمبر تک جاری رہنے والی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع سرگودہا میں پانچ سال تک کی عمر کے7لاکھ 9ہزار 266بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ پولیو مہم کے لیے 3 ہزار 331 ٹیمیں تشکیل دی گئیں ۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ضلع خوشاب میں دو لاکھ 38 ہزار 324 بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا جس کے لیے ایک ہزار 356 ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے دونوں اضلاع کے محکمہ صحت کے افسران و فیلڈ ٹیموں کی محنت کو سراہا اور اس کامیابی میں اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی ڈسٹرکٹ افسران ہیلتھ، ڈبلیو ایچ او اور یونیسف کی کڑی نگرانی کو اہم کردار قرار دیا۔ انہوں نے اچھی کارکردگی کے حامل پولیو ٹیموں و ورکز کو تعریفی سرٹیفکیٹس دینے کا اعلان بھی کیا ۔ جبکہ سرگودہا میں ناقص کارکردگی کے حامل تین یو سی ایم اوز کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو کی اگلی مہم جنوری میں ہوگی جس کی ابھی سے تیاریاں شروع کی جائیں۔