نوزائیدہ بچوں میں نمونیا کے کیسز ، نجی ہسپتالوں کی نرسریوں کے اخراجات میں زبردست اضافہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)موسمی شدت میں چھوٹی عمر بالخصوص نوزائیدہ بچوں میں نمونیا اور دیگر موسمی امراض میں اضافے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے نجی ہسپتالوں میں قائم بچوں کی نرسریوں کے اخراجات میں 40 فیصد تک اضافہ کر دیا۔۔۔
ذرائع کے مطابق سردی کی شدت بڑھتے ہی بچوں میں نمونیا کے مرض میں بھی اضافہ ہوا ہے نوزائیدہ بچے تیزی سے اس کا شکار ہو رہے ہیں، سر کاری ہسپتالوں میں محدود سہولیات کی وجہ سے لوگوں کی اکثریت نجی ہسپتالوں سے رجوع کرنے پر مجبور ہے جہاں ایک انکیوبیٹر میں دو سے تین بچوں کو رکھا جارہا ہے ، ورثا سے فی کس کے حساب سے فیس کے ساتھ ساتھ دیگر اخراجات کی مد میں اضافی وصولیاں کی جا رہی ہیں،نرسریوں میں موجود عملہ کی اکثریت بھی تجربہ کار نہیں ، اورعلاج معالجہ کروانے والوں کوایسے ٹیسٹوں و سہولیات کے بل بھی ڈال دیئے جاتے ہیں جودستیاب ہی نہیں ، شہر کے درجنوں پرائیویٹ ہسپتالوں میں یہ دھندہ زور و شور سے جاری ہے ، چیک اینڈ بیلنس کے فقدان کے باعث لوٹمار کا سلسلہ بھی جاری ،شہریوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔