منصوبوں کے ابتدائی تخمینہ میں ردو بدل کا سخت نوٹس

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) فنانس اینڈ پلاننگ ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب نے منصوبوں کی ابتدائی تخمینہ لاگت/ڈی ایس بلوں میں خلاف ضابطہ رد و بدل اور۔
تاخیری حربوں کے ذریعے قومی خزانے کو خطیر نقصان پہنچنے کاسخت نوٹس لے لیا ہے اور اس پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی گائیڈ لائن پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت جاری کی ہے ذرائع کے مطابق سرگودھا سمیت ریجن بھر میں شروع کئے گئے اکثر منصوبے ٹائم پیریڈ میں مکمل نہیں کئے گئے وہاں ایک سے زائد مرتبہ ٹیکنیکل سیگشنز میں خلاف ضابطہ رد و بدل کے ذریعے ان کی ابتدائی تخمینہ لاگت میں 200 فیصد تک اضافہ کیا گیا ،یہ بھی معلوم ہواہے کہ سپرنٹنڈنٹ انجینئر ،ایکسئن ،سب انجینئر سمیت سول ایڈمنسٹریشن کے افسر مبینہ طور پر منصوبوں کے ابتدائی تخمینہ میں حصہ لینے کے بعد ریوائزڈ بجٹ کے بعد بھی اسی تناسب سے حصہ وصول کرتے ہیں ،جس سے قومی خزانے کو اضافی مالی بوجھ اٹھانا پڑ رہا ہے ،ایسے منصوبے بھی شامل ہیں جو کہ ابتدائی تخمینہ لاگت میں اضافہ اور بار بار ڈیڈ لائن کے باوجود اب بھی سست روی کا شکار ہیں،دوسری طرف پیپرا قوانین کے مطابق تاخیر پر متعلقہ ٹھیکیدار کے خلاف تادیبی کاروائی اور فارمولے کے تحت جرمانہ بھی وصول نہیں کیا جا رہا ، جس سے حکومتی خزانے کوالگ سے کروڑوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے ،سیکرٹری فنانس اینڈ پلاننگ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر آصف طفیل کی طرف سے ضلعی سربراہان کو حکومتی گائیڈ لائن پر سختی سے عملدرآمد کے ساتھ ساتھ ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔