ڈیلی ویجر ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ضلعی رابطہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین و ممبر صوبائی اسمبلی سردار عاصم شیر میکن کی زیر صدارت ڈی سی دفتر کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں سیکرٹری کمیٹی/ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی، ایم این اے ڈاکٹر ذلفقار علی بھٹی، ایم پی ایز میاں اکرام الحق، بیرسٹر تیمور علی خان اور منصور اعظم سندھو کے علاوہ وفاقی و صوبائی محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈی پی او نے ضلع بھر میں امن عامہ کی صورتحال اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ 2024 میں جرائم کی شرح پچھلے سالوں کی نسبت کم رہی۔ اجلاس کو ڈپٹی ڈاء ریکٹر ڈیویلپمنٹ مہتاب یاسین نے ضلع بھر میں مختلف محکموں کے جاری ترقیاتی منصوبوں بارے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے وزیراعلی ٰکے ترقیاتی پروگرام کے تحت 88 کروڑ تخمینہ کی 234 سکیموں کی منظوری دے دی ہے جن میں 231 لوکل گورنمنٹ اور 3 ہائی ویز کی سکیمیں شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبائی حلقوں میں لوکل گورنمنٹ کی پی سی سی، سولنگ، ڈرین و ٹف ٹائلز وغیرہ کی سکیمیں رواں مالی سال کے اندر مکمل کی جائیں گی،انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھر میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری و منصوبوں پر اب تک 42 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔ ضلعی رابطہ کمیٹی نے تمام محکموں میں ڈیلی ویجر ملازمین کو مقرر کردہ تنخواہ کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ کمیٹی نے رمضان پیکیج کے تحت مستحقین کی رجسٹریشن کا کام تیز کرنے کے علاوہ ہر اجلاس میں کسی ایک وفاقی و صوبائی ادارے کی کارکردگی کا جائزہ لینے پر بھی اتفاق کیا ۔