ہسپتالوں کی نجکاری میں کسی ملازم کونکالا نہیں جائیگا،ڈی سی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے محکمہ صحت کے ملازمین سے ملاقات میں بتایا کہ سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کے دوران کسی بھی ملازم کو نوکری سے نہیں نکالا جارہا اور نہ ہی کوئی اسامی ختم کی جارہی ہے۔۔۔
انہوں نے کہا کہ نجکاری سے متاثرہ ملازمین کو محکمہ صحت میں ہی ایڈجسٹ کیا جائیگا ۔ انہوں نے نجکاری سے متاثرہ ملازمین کی تفصیلات اور انہیں ضلع سرگودہا میں ایڈجسٹ کرنے کا پلان بھی طلب کر لیاہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ ، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے ساتھ کھڑی ہے ۔ آپ تمام ہمارے مشکل کے ساتھی ہیں اور آپ کے بغیر سسٹم نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہاکہ ہڑتالوں اور احتجاج سے مسائل حل نہیں ہوتے ہمیں مل بیٹھ کر اپنے مسائل کو حل کرنا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ملازمین سے تحریری تجاویز طلب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سفارشات کو سیکرٹری صحت کو بھجوایا جائیگا جس پر ہڑتالی ملازمین نے اپنا احتجاج ختم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر سی او ہیلتھ ڈاکٹر سارہ صفدر بھی موجود تھیں۔