فیصل آباد میں 30ویں ٹیکسٹائل ایشیا 2025ء نمائش کا افتتاح
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینو فیکچرنگ اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مقامی مارکی میں لگائے جانے والی 30ویں ٹیکسٹائل ایشیا 2025ء نمائش کا افتتاح کیا۔
صدر چیمبر نے کہا کہ ٹیکسٹائل کو پاکستان کی معیشت میں کلیدی اہمیت حاصل ہے تاہم عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق اس شعبہ کو جدید سائنسی خطوط پر ترقی دینے کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں ہمیں نئی ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی مجموعی برآمدات میں فیصل آباد کا حصہ 60 فیصد ہے ، ہمارے صنعتکارعالمی معیار کی مصنوعات بھی تیار کر رہے ہیں جن کو عالمی منڈیوں میں متعارف کرانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بین الاقوامی معیار کا ایکسپو سنٹر قائم کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے ٹیکسٹائل کے شعبہ سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ نئی ٹیکنالوجی کو متعارف کرائیں تاکہ اُن کی تیارکردہ مصنوعات عالمی منڈیوں میں مسابقت کی پوزیشن میں آسکیں۔ بعد میں ریحان نسیم بھراڑہ مختلف سٹالوں پر بھی گئے اور نمائش کیلئے رکھی گئی مشینری اور اشیاء کی کوالٹی کو سراہا۔