پٹواری لینڈریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن میں حا ئل : ضلعی انتظامیہ منصوبہ مکمل کر نے میں ناکام

سرگودھا(نعیم فیصل سے )لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے عمل میں پٹواریوں کی رکاوٹوں کو ختم نہ کیا جا سکا جس کے باعث حکومت پنجاب کے اس پراجیکٹ کو مکمل فعال کرنے میں ضلعی انتظامیہ بھی ناکام ثابت ہوئی ہے۔۔۔
رواں مالی سال کے تحت ضلعی حکومت کی ابزرویشن رپورٹ میں جہاں دیگر امور کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا وہاں اس امر پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا گیا کہ لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کا عمل رواں مالی سال کے تحت بھی مکمل ہوتا نظر نہیں آ رہا، گزشتہ کئی سالوں سے مسلسل ڈیڈ لائنوں کے باوجود اکثر پٹواری متعلقہ ریکارڈ دبائے بیٹھے ہیں، دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میں سرگودھاشہر کے تین حلقے قابل ذکر ہیں جہاں کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ محکمہ مال کے افسران بھی نہیں چاہتے کہ یہ حلقے کمپیوٹرائزڈ ہوں کیونکہ بے ضابطگیوں اور دیگر معاملات میں اقرباپروری نے یہ حلقے ان کیلئے سونے کی چڑیابنے ہوئے ہیں جہاں کے پٹوارخانوں میں تعیناتی بھی سب سے مشکل اور بھاری مرحلہ ہے ،ان حلقوں میں جہاں کمپیوٹرائزیشن کا عمل متاثر ہو رہا ہے وہاں محکمہ مال کے بہت سے اموررکنے سے سائلین کو شدید مشکلات در پیش ہیں،بالخصوص فیلڈ ویری فیکیشن ،اراضیوں کے ریکارڈ ،انتقالات و دیگر معاملات کی بھاری فیسیں مقرر ہیں ، یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ کمپیوٹرائزڈ نہ ہونیوالے حلقوں کے پٹوار سرکلز میں کرپشن کی شکایات سامنے آنے پر بھی کوئی ایکشن نہیں لیا جاتا جبکہ بورڈ آف ریونیو نے اس حوالے سے ’’کلوز‘‘مانیٹرنگ کے احکامات جاری کر رکھے ہیں ۔