بھکر میں اوورلوڈ گاڑیوں،رکشوں کیخلاف کریک ڈائون کا حکم

بھکر(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی/ایکسیڈنٹ ریویو کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا ۔۔۔
جس میں ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان نے خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ،ڈی ایس پی عدنان احمد،ڈی ایس پی پی ایچ پی غلام جعفر چھینہ،سیکرٹری آر ٹی اے ملک شیر بہادر،مختلف محکمہ جات،ریسکیو 1122,سول ڈیفنس،ہائی ویز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ضلع کے روڈ سیفٹی اینڈ پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اہم ہدایات جاری کیں انہوں نے کہا کہ ضلع میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے مربوط وموثر حکمت عملی اپنائی جائے قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں مسافر گاڑیوں کی چھتوں پر سواریوں کو ہرگز بیٹھنے نہ دیا جائے علاؤہ ازیں اوورلوڈنگ کرنیوالے والی تمام گاڑیوں اور رکشہ جات کے خلاف سخت اور موثر کریک ڈاؤن شروع کیا جائے ۔اس سلسلہ میں پی ایچ پی،سیکرٹری آر ٹی اے اور ٹریفک پولیس جوائنٹ ایکشن پلان کے تحت اوورلوڈنگ،کم عمر رکشہ ڈرائیور اور ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیں ۔اس موقع پر ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں دی گئی ہدایات پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو موٹر بائیک ہرگز نہ چلانے دیں ۔