بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کا بجٹ منظور

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودہا کی فنانس کمیٹی کا اہم اجلاس چیئرمین بورڈ و کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں مالی سال 2025-26 کے سالانہ بجٹ کی منظوری دی گئی۔
منظور شدہ بجٹ کو بورڈ آف گورنرز (BOG) کے آئندہ اجلاس میں حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔سیکرٹری بورڈ ابو الحسن نقوی نے بجٹ کی تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے لیے سرگودہا بورڈ کا کل بجٹ 2 ارب 15 کروڑ روپے ہے ، جب کہ اخراجات کا تخمینہ 2 ارب 7 کروڑ روپے لگایا گیا ہے ، جس سے بورڈ کے مالی استحکام کا اظہار ہوتا ہے ۔انہوں نے مزید تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ بجٹ میں تنخواہوں کی مد میں 61 کروڑ 90 لاکھ روپے اور پنشن کی مد میں 27 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ترقیاتی منصوبہ جات، آئی ٹی انفراسٹرکچر، امتحانی نظام کی بہتری اور دیگر انتظامی اخراجات کے لیے بقیہ بجٹ مختص کیا گیا ہے ۔ اجلاس میں کمیٹی کے ممبران ڈائریکٹر کالجز ناہید ناز، آڈٹ آفیسر، فنانس ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔