علاقے ماڈل بنانے کیلئے ڈی سی کی زیر صدارت فالو اپ اجلاس

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلیگ شپ منصوبے کے تحت گول چوک، سٹی روڈ اور کچہری بازار کو ماڈل بنانے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم کی زیر صدارت ایک اہم فالو اپ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ اور محکمہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مؤثر بنانا تھا۔ اجلاس میں ایکسین ہائی ویز ملک گلفام اعوان، سی او میونسپل کارپوریشن حامد چھٹہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہتاب یاسین، فیسکو، پی ٹی سی ایل اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان شریک ہوئے ۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں شریک افسران سے منصوبے سے متعلق ان کی ذمہ داریوں، تیاریوں اور اب تک ہونے والی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ لی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فلیگ شپ منصوبے کے تحت گول چوک، سٹی روڈ اور کچہری بازار پر ترقیاتی کاموں کے لیے تمام محکمے باہم رابطے اور تعاون کے ساتھ آگے بڑھیں تاکہ مقررہ مدت میں معیاری کام مکمل کیا جا سکے ۔ڈی سی نے خاص طور پر یوٹیلیٹی سروسز کے اداروں کو ہدایت کی کہ وہ انڈر گراؤنڈ انفراسٹرکچر سے متعلق اپنے تخمینے اور نقشہ جات فوری طور پر مکمل کریں تاکہ ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن، فساڈز اور صفائی کے انتظامات پر پہلے سے تیاری کی جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل نہ صرف شہریوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کا باعث بنے گی بلکہ سرگودہا شہر کی خوبصورتی اور شناخت میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔