’’کانگو وائرس جسم میں داخل ہونے پر فلو جیسی علامات ،بھوک ختم‘‘
شاہ پور صدر (نامہ نگار،نمائندہ دنیا )لائیوسٹاک آفس شاہ پور میں کانگو وائرس کی روک تھام حوالے سے آگاہی مہم کی افتتاحی تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر سید آصف شاہ نے کہا کہ۔۔۔
کانگو وائرس جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہو تا ہے ،وائرس کے جسم میں داخل ہونے کے پانچ، چھ دن بعد فلو کے علامات ظاہر ہونے لگتی ہیں جیسا کہ بخار ،جسم درد، سردرد، متلی، نقاہت کی علامات پانچ سے سات دن رہتی ہیں،بھوک ختم ہو جاتی ہے قے لگاتار رہنے سے شدید کمزوری ہونے لگتی ہے ۔ مریض کے پورے جسم پر چھوٹے چھوٹے سرخ دانے نکل آتے ہیں،منہ میں چھالے نکل آتے ہیں۔مسوڑوں سے خون آنے لگتا ہیں۔ایک دو روز بعد جسم میں جلد کے نیچے خون جمنے لگتا ہے ۔ ناک سے خون بہتا ہے ۔ مریض کے جسم میں پلیٹ لیٹس کی شدید کمی ہوجاتی ہے مزید کہا کہ کانگو وائرس کے پھیلنے کی سب سے اہم وجہ جانور ہی ہیں، جن میں گائے ، بھینس اوربھیڑ، بکریاں شامل ہیں۔ مویشی پالنے والے لوگ ان کی صفائی کاخاص خیال رکھیں۔ جانوروں کے جسم کو چیچڑوں سے محفوظ رکھیں۔ جانوروں کی ادویات اور اسپرے کا استعمال کریں۔مزید احتیاط کے لئے ہاتھوں پر دستانے ،منہ پر ماسک اور جسم کو ڈھانپ کر جانور کے پاس جائیں اور تمام باڑے میں چیچڑ مار اسپرے کریں۔