واجبات وصولی غیر تسلی بخش قرار، فوری اقدامات کا حکم

 واجبات وصولی غیر تسلی بخش قرار، فوری اقدامات کا حکم

سرگودھا(سٹاف رپورٹرکمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ریونیو واجبات کی موجودہ صورتحال غیر تسلی بخش قرار دیدی اور واضح کیا ہے کہ۔۔۔

فوری طور پر اقدامات اٹھاتے ہوئے مالی سال کے باقی ماندہ دنوں میں آبیانہ، زرعی انکم ٹیکس سمیت دیگر ریونیو واجبات کی زیادہ سے زیادہ وصولی یقینی نہ بنانے والے افسران کے خلاف تادیبی کاروائی ہو گی،وہ پیر کے روز اپنے دفتر کے کانفرنس روم میں چاروں اضلاع میں ریونیو وصولیوں سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس کے دوران آبیانہ اور زرعی انکم ٹیکس کی مد میں واجبات کی موجودہ وصولی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر جہا نزیب اعوان نے کہا کہ تمام ریونیو افسران اپنی کارکردگی بہتر بنائیں اور متحرک انداز میں کام کریں تاکہ مالی اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بی او جی (بورڈ آف ریونیو) کی جانب سے طے کردہ کلیدی کارکردگی اشاریوں (KPIs) پر بھرپور توجہ دی جائے ۔کمشنر نے چاروں اضلاع میں موجود سرکاری رہائشی، کمرشل اور زرعی اراضی کی مکمل تفصیلات بمعہ موجودہ تخمینوں کے فوری طور پر فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس موقع پر ریونیو افسران سے رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تازہ ترین فہرست بھی طلب کی اور خاص طور پر ان سوسائٹیز کی نشاندہی کرنے کو کہا جنہوں نے کنڈونیشن فیس ادا نہیں کی۔ انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ کنڈونیشن فیس ادا نہ کرنے والی سوسائٹیز کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ حکومتی ریونیو کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے اور غیر قانونی ہاؤسنگ منصوبوں کی حوصلہ شکنی ہو۔ کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ صاف پانی اتھارٹی کے مرمتی فلٹریشن پلانٹس کا ازخود دورہ کریں اور ان کی فیلڈ صورتحال کا جائزہ لے کر عوام کو صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں پی ایل آر اے کے جاری منصوبوں پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی اور منصوبہ جات کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں