22یونین کونسلوں میں 38 واٹر فلٹریشن پلانٹس بند
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے عرصہ سے بند 38 واٹر فلٹریشن پلانٹس چالو کروانے کی ڈیڈ لائن کے نصف ماہ گزرنے کے بعد بھی ان کی بحالی عمل میں نہیں آ سکی جبکہ انتظامیہ نے بھی خاموشی اختیار کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق 38 فلٹریشن پلانٹس کی بندش سے شہریوں کو پینے کے پانی کے حصول میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، شہر کی 22 یونین کونسلوں میں لگائے جانے والے یہ تمام کے تمام فلٹریشن پلانٹس انتظامیہ کی عدم توجہ کے باعث بند پڑے ہیں، تقریباً تین ماہ قبل ان فلٹریشن پلانٹس کو چالو کروانے کا کا اعلان کرتے ہوئے عملی اقدامات بھی اٹھائے گئے اور اس دوران دو مرتبہ ڈیڈ لائن دی گئی اورکمشنر سرگودھا متعلقہ شعبوں کی سرزنش بھی کر تے ہوئے ان کی جلد از جلد بحالی کیلئے بھرپور طریقے سے کوشاں ہیں مگر نچلی سطح پر اقدامات انتہائی سست روی کا شکار ہیں، یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اس پہلے پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے ان فلٹریشن پلانٹس کو مستقل چالو کرنے کا پروگرام شروع کیا جا چکا ہے جس کے تحت دوفلٹریشن پلانٹس چالو کر کے غیر معمولی تشہیر کی گئی مگر اس سے آگے کچھ نہیں ہو سکا، اور یہ دو فلٹریشن پلانٹس بھی بند ہو گئے ،بلدیہ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ انتظامیہ انہیں چالو کروانے کے لئے سنجیدہ ہے ،توقع ہے کہ جلد ان کی بحالی کا عمل شروع ہو جائے گا۔