کوٹ مومن کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کیلئے بھرپور آپریشن

 کوٹ مومن کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کیلئے بھرپور آپریشن

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کوٹمومن کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی آپریشن چھٹے روز بھی بھرپور انداز میں جاری رہا۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر محمد وسیم کی خصوصی ہدایات پر ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ کے تمام محکمے فیلڈ میں موجود رہے۔۔۔

 اور متاثرہ خاندانوں تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ خاندانوں میں ناشتے اور کھانے کی تقسیم کا عمل مسلسل جاری رہی۔ ریلیف کیمپس میں مقیم متاثرین اور گھروں میں موجود افراد تک خوراک پہنچانے کے لیے ٹیمیں دن رات سرگرم رہیں۔اسسٹنٹ کمشنرز اور ضلعی افسران خود متاثرہ دیہات کا دورہ کر کے متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کرتے رہے ۔ کمشنر سرگودہا جہانزیب اعوان نے کہا کہ حکومت پنجاب متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔ پاک فوج، ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر ادارے امدادی سرگرمیوں میں پیش پیش ہیں۔ متاثرہ دیہاتوں تک خوراک، ادویات اور دیگر ضروری سامان پہنچانے کے لیے فوجی جوان مکمل تعاون فراہم کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج اور ریسکیو و دیگر اداروں کے جوان حقیقی معنوں میں ہمارے ہیروز ہیں جو ہر وقت عوام کی خدمت کے لیے میدان میں موجود ہیں، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ضلعی انتظامیہ، فوج، ریسکیو اور دیگر ادارے مشترکہ حکمت عملی کے تحت دن رات کام کر رہے ہیں،جب تک متاثرہ خاندانوں کو مکمل ریلیف فراہم نہیں ہو جاتا، تب تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں