میانی میں تجاوزات کی بھرمار،ٹریفک کی روانی متاثر،شہری پریشان
تعلیمی اداروں میں چھٹی کے وقت طالبات کو شدید مشکلات،نوٹس لینے کا مطالبہ
میانی نامہ نگار)تجاوزات کی بھرمارنے شہریوں کو پریشان کر دیا ، عوام کا اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ، شہر میں تجاوزات نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ کمیٹی روڈ میانی پر ریڑھی بانوں نے بازار کے دونوں اطراف ریڑھیاں لگا رکھی ہیں جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔اس روڈ پر دو تعلیمی ادارے ، گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول واقع ہیں۔ سکولوں کی چھٹی کے وقت ٹریفک جام معمول بن چکا ہے ، جس سے بچیوں اور عوام الناس کو گزرنے میں شدید مشکلات پیش آتی ہیں۔ دوکانداروں نے بھی اپنی دوکانوں کے باہر تھڑے لگا کر سامان سڑک پر رکھ چھوڑا ہے ، جس کی وجہ سے فٹ پاتھ مکمل طور پر بند ہو چکے ہیں۔ اس سے قبل کئی مرتبہ انتظامیہ نے تجاوزات ختم کروائیں مگر کچھ ہی دنوں بعد ریڑھی بان دوبارہ انہی مقامات پر قبضہ جما لیتے ہیں۔عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور بازار کو تجاوزات سے پاک کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔