حویلی نتھوکہ کا سکول،فرنیچر،واش روم،بجلی نہ ہی پانی دستیاب
کئی سال پہلے بننے والا سکول اب تک فعال نہیں،خواتین ٹیچرز کی عارضی تعیناتی
ساہیوال/سرگودھا(نمائندہ دنیا) تحصیل ساہی وال کے علاقے حویلی نتھوکہ میں سالوں پہلے بننے والا سکول آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے ، سکول میں فرنیچر، واش رومز، بجلی، اور پانی تک کی سہولت دستیاب نہیں، جبکہ سکول میں فی میل ٹیچرز کی عارضی تعیناتیاں طالبات اور ان کے والدین کو غیر یقینی کی کیفیت میں مبتلا رکھے ہوئے ہیں، تفصیلات کے مطابق تحصیل ساہی وال میں بننے والا یہ سکول مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں تعمیر تو کیا گیا مگر کئی سال گزرنے کے باوجود فعال نہ ہو سکا، تاہم بعدازاں میڈیا کی نشاندہی پر اس سکول میں فی میل ٹیچرز اور درجہ چہارم کے ملازمین عارضی طور پر تعینات کیئے گئے ، اور ان عارضی تعیناتیوں کا سلسلہ آج تک جاری ہے ، جس کی وجہ سے طالبات اور ان کے والدین غیر یقینی کی کیفیت میں مبتلا رہتے ہیں، کیونکہ فی میل ٹیچرز کی تعیناتی کی مدت ختم ہونے کے بعد نئی تعیناتیاں بروقت عمل میں نہیں لائی جاتیں، یہی نہیں اس دور جدید میں بھی گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول حویلی نتھوکہ میں نصب نلکے خراب اور واش رومز غیر فعال ہیں، جبکہ بجلی کی سہولت بھی دستیاب نہیں ہے ، معصوم بچیاں فرنیچر نہ ہونے کے باعث سردیوں میں ٹھنڈے فرش پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔