سٹون کرشنگ ایریا ،ماحولیاتی آلودگی ،سموگ سے بچاؤ کیلئے اجلاس
کرشنگ ایریاز کوریگولیٹ کرنے اور ماحولیاتی اصولوں کی مکمل پابندی کی ہدایت
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب عوان کی زیر صدارت اسٹون کرشنگ ایریا پل 111 میں ماحولیاتی آلودگی اور اسموگ سے بچاؤ کے اقدامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور اسٹون کرشنگ ایریاز میں اسموگ کے اسباب اور تدارک پر تفصیلی غور کیا گیا۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ اسٹون کرشنگ ایریاز میں ہونے والی سرگرمیاں اسموگ اور فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث بنتی ہیں، اس لیے ان علاقوں میں سخت نگرانی کی جائے ۔
انہوں نے واضح ہدایت کی کہ اسموگ پیدا کرنے والے تمام عوامل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے ۔ کرشنگ ایریاز کوریگولیٹ کیا جائے اور ماحولیاتی اصولوں کی مکمل پابندی یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرشنگ سائٹس پر پانی کا باقاعدہ چھڑکاؤ کیا جائے ، دھول مٹی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عملہ تعینات کیا جائے اور مشینری کے اردگرد سپرے سسٹم فعال رکھا جائے ۔ اس کے ساتھ کرشنگ مٹیریل کو ڈھانپ کر منتقل کیا جائے تاکہ فضا میں گرد نہ پھیلے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ماحولیات، مائنز اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پران سرگرمیوں کی نگرانی کریں۔ کرشنگ ایریاز کے اطراف روڈ پر بھی پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے تاکہ عوام کو دھول اور آلودگی سے بچایا جا سکے ۔