ناقص کارکردگی : 12 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کیخلاف کارروائی کا حکم

ناقص کارکردگی : 12 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کیخلاف کارروائی کا حکم

پیڈا ایکٹ کے تحت ایکشن،5کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم بھی دیدیا،پرائس کنٹرول پر کمپرومائز نہیں ہوگا،ناقص کاکردگی پر سخت ایکشن ،سرنڈر کر دیا جائے گا:کمشنر

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ناقص کارکردگی پر 12 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم دیدیا جبکہ 5 پرائس مجسٹریٹس کو شوکاز نوٹس جاری کر نے کے احکامات جاری کر دیئے ، شاندار کارکردگی پر مینیجر جاب بیورو بھکر ادریس جمیل کو دوسرا تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا گیا۔ یہ فیصلے انہوں نے پرائس کنٹرول کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیے ۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر نے واضح کیا کہ پرائس کنٹرول میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی،ریونیو افسران بطور پرائس مجسٹریٹ اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے نبھائیں، کیونکہ عوامی ریلیف حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔

مقررہ ریٹ لسٹ ہر دکان پر نمایاں طور پر آویزاں ہونی چاہیے تاکہ شہریوں کو انسپکشن کے ثمرات براہ راست نظر آئیں۔جہانزیب اعوان نے کہا کہ پرائس کنٹرول معاملات پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔ جو افسران کارکردگی بہتر نہیں بنائیں گے ، انہیں پیڈا ایکٹ کے تحت سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ایسے افسران جن کی رپورٹس تسلی بخش نہیں انہیں سرنڈر کر دیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر برطرفی سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔اجلاس میں 15 اکتوبر سے 10 نومبر تک کی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے دریا خان تحصیل کی مجموعی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے فوری بہتری کی ہدایت کی،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عمر، اے ڈی سی آر بھکر عبدالقدیر، اے ڈی سی جی میاں والی مدثر عباس، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن اور دیگر افسران شریک تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں