ملاوٹ مافیا کا قلع قمع کرنے کیلئے کریک ڈاؤن کا فیصلہ

 ملاوٹ مافیا کا قلع قمع کرنے کیلئے کریک ڈاؤن کا فیصلہ

فوڈ اتھارٹی ٹیموں کیخلاف مزاحمت کی روک تھام،کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانے کی تیاریاں، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی سربراہی میں کرئمنل جسٹس کمیٹیاں تعاون کرینگی

سرگودھا(نعیم فیصل سے ) سرگودھا سمیت صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا کی مستقل روک تھام نہ ہونے پر حکومت کی جانب سے فوڈ اتھارٹیوں کی سرگرمیوں کوکرئمنلجسٹس کمیٹیوں میں زیر بحث لانے ،فیلڈ ٹیموں پر مزاحمتی حملوں کی روک تھام اور کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ عادی عناصر کا مکمل قلع قمع کرنے کیلئے موثر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے ، ذرائع کے مطابق ملاوٹ کے ناسور کو روکنے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فیلڈ انفورسمنٹ ٹیمیں 2017 سے پورے پنجاب میں آپریشنل سرگرمیاں انجام دے رہی ہیں اور عوام کو محفوظ اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کے لیے خصوصی کریک ڈاؤن بھی شروع کیا گیا ہے۔

مسلسل کوششوں کے باوجود جن میں ایف آئی آرز کا اندراج بھی شامل ہے ملاوٹ مافیا نے مختلف غیر قانونی ذرائع استعمال کر کے اس سنگین جرم کا تسلسل برقرار رکھا ہوا ہے اس تسلسل کی ایک اہم وجہ عادی مجرموں کی گرفتاری میں تاخیر اور مقررہ وقت میں متعلقہ عدالتوں میں چالان جمع نہ کروانا ہے ، سرگودھا سمیت پنجاب بھر میں فوڈ اتھارٹی کی جانب سے درج کروائے گئے مقدمات میں702 ملزمان کو اشتہاری ہیں اس حوالے سے ٹیموں کو مزاحمت کا بھی سامنا رہتا ہے اور اب تک مزاحمت کے 275کیسز رجسٹرڈ ہو چکے ہیں ،حال ہی میں ضلع قصور کی فوڈ سیفٹی ٹیم پر چھاپے کے دوران پرتشدد حملے کا نشانہ بنایاگیا، اس تناظر میں کابینہ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے قانون و نظم کی جانب سے اپنی میٹنگ میں تفصیلی غور و فکر کے بعد طے پایا گیا ہے کہ کرئمنل جسٹس کمیٹیاں جو کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی سربراہی میں قائم ہے کی جانب سے پی ایف اے کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں