پیرا فورس کاشاہ پور میں گشت ‘ تجاوزات پر کارروائی کی وارننگ
ڈاکخانہ کے پاس ریڑھی والوں کو وارننگ نہیں دی گئی،شہری حلقے پریشان
شاہ پور صدر (نامہ نگار)اسسٹنٹ کمشنر شاہ پور عابد ممتاز نے پیرا فورس کے ہمراہ شاہ پور کے مرکزی بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی حدود میں رہ کر سامان رکھیں اور ناجائز تجاوزات فی الفور ختم کریں، بصورت دیگر پیرا فورس سخت کارروائی کرے گی۔بازاروں میں پیرا فورس کے گشت سے دکانداروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ شہری حلقوں نے اس امر پر تحفظات کا اظہار کیا کہ ڈاکخانہ کے پاس موجود ریڑھی والوں کو کسی قسم کی کوئی وارننگ نہیں دی گئی حالانکہ وہی ٹریفک جام اور تجاوزات کا اصل سبب ہیں۔
سماجی و سیاسی حلقوں نے مطالبہ کیا کہ سبزی مارکیٹ کے عقب میں لاکھوں روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ سہولت بازار میں ریڑھی والوں کو منتقل کیا جائے جہاں وسیع جگہ موجود ہے ۔پیرا فورس اہلکاروں کے مطابق فی الحال وارننگ جاری کی جارہی ہے تاہم جلد ہی آپریشن کلین اپ شروع کیا جائے گا اور تجاوزات نہ ہٹانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔